لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جب سے فتنہ جیل میں گیا ہے پاکستان میں سب ٹھیک ہورہا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کے الحمرا ہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جشن آزادی سے متعلق ایک تقریب کا آج آغاز کیا ہے، جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ تحریک آزادی کیا تھی، نوجوانوں کو جشن آزادی کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے، روزانہ کی بنیاد پر آرٹس کونسلز میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگا،14اگست پر اہم تقریب حضوری باغ میں ہوگی، حضوری باغ میں پرچم کشائی وزیراعلیٰ مریم نواز خود کریں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ثابت کریں گے کہ زندہ قومیں آزادی کو کس طرح مناتی ہیں، پاکستان نے اپنے سے 6گنا بڑے دشمن کو شکست دی، آج پوری دنیا میں ہمارے شاہینوں کے کارناموں کا ذکر ہورہا ہے، صدرٹرمپ کو ماننا پڑا کہ مسئلہ کشمیر ایک نامکمل ایجنڈا ہے،پاکستان کو دنیا میں سفارتی تنہائی کا شکار کردیا گیا تھا، آج پاکستان کو سفارتی محاذ پر بھی کامیابیاں مل رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج پاکستان کی جانب کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، کل تک آنکھیں دکھانے والے نریندر مودی کو آج سبکی کا سامنا کررہا ہے، پاکستان نے چند گھنٹوں میں خود سے کئی گنا بڑے دشمن کو پسپا کیا، معرکہ حق کے فتح کا جشن بھی بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ای وی ٹرام ٹرین چلتی نظر آرہی ہے، لوگ پوچھ رہے ہیں یہ کونسا ملک ہے، 60ہزار سے زائد لوگوں کو اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت بلاسود قرض دیے گئے، لوگوں کیلئے اپنی چھت کیا اہمیت رکھتی ہے ہمیں پتہ ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہمارے درمیان آٹے میں نمک کے برابر کچھ شرپسند لوگ بھی ہیں، چند شرپسندوں کو 14اگست پر بھی احتجاج کرنے کا شوق اٹھا ہے، یہ شرپسند احتجاج کیلئے خاص دنوں کا انتخاب ہی کیوں کرتے ہیں؟ ایس او کانفرنس ہوتی ہے تو یہ کہتے ہیں اسلام آباد بند کرنے آرہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ قوم کے بچے باہر نکل کیوں لاٹھیاں کھائیں؟ اپنے بچے باہر بیٹھے ہیں ،لوگوں کے بچے ان کیلئے باہر کیوں نکلیں؟ 5اگست کی تحریک کامیاب نہیں ہوئی، پنجاب کے عوام نے ثابت کردیا کہ فتنہ وفساد کی سیاست سے عاری ہوچکے ہیں،جب سے فتنہ جیل میں گیا ہے پاکستان میں سب ٹھیک ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری آرہی ہے،ایکسپورٹس بہتر ہوئی ہیں، انٹرنیشنل ایجنسیز کہہ رہی ہیں کہ پاکستان آن ٹریک ہے، ان کا ایک ہی مقصد ہے ملک میں فتنہ، ہیجان کیسے پیدا کرنا ہے،لاشوں پر سیاست کیسے کرنی ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ نوازشریف سے خواجہ آصف کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، میں بھی بیرون ملک گئی تو مختلف باتیں کی گئیں،کوئی استعفیٰ نہیں دے رہا ،منفی باتیں ہوتی رہتی ہیں، استعفیٰ کسی کی خواہش ہوسکتی ہے،ہم سب عوام کے درمیان موجود ہیں، ان 5سالوں میں پاکستان کو ٹریک پر لائے بغیر ہم کہیں نہیں جائیں گے۔