انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں

Published On 09 August,2025 12:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور سمیت جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں سابق قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس حملہ اور عسکری ٹاور سمیت جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی عبوری ضمانت کی درخواست عدم پیشی پر خارج کردیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور سمیت جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھیں، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے عدم پیشی پر درخوستیں خارج کردیں جبکہ ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کردی۔

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے عبوری ضمانت لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت سے کروا رکھی تھی۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز، صاحبزادہ حامد رضا خان، زرتاج گل سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کو 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں، جس کے بعد الیکشن کمیشن آ نے تمام رہنماؤں کو نااہل قرار دیدیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے تناظر میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف کے عہدے سے ہٹا دیا جبکہ دیگر ارکان قومی اسمبلی کی بھی مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت ختم کردی گئی تھی، سینیٹ سیکرٹریٹ نے شبلی فراز کا بھی قائد حزب اختلاف سینیٹ کا عہدہ ختم کردیا تھا۔