پشاور:(دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی نااہلی کے خلاف دائر پر ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
پشاور ہائیکورٹ نےنئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی تقرری روک دی، قومی اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری آئندہ سماعت تک نہ کی جائے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق عمر ایوب کو اے ٹی سی نے 31 جولائی کو سزا سنائی، الیکشن کمیشن نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے 5 اگست کو درخواست گزار کو نااہل قرار دیا، 7 اگست کو درخواست گزار کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
عدالت نے اپنے حکم نامہ میں لکھا کہ درخواست گزار نے سپریم کورٹ ( محمد اظہر صدیقی بنام فیڈریشن) کیس کا حوالہ دیا، سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کو سپیکر ریفرنس کے بغیر کسی ممبر کو نااہل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔
حکم نامہ میں بتایا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق 5 اگست کے فیصلے کے بعد 7 اگست کو سپیکر قومی اسمبلی نے درخواست گزار کو ڈی نوٹیفائی کیا اور اپوزیشن کی سیٹ کو خالی قرار دے دیا، اپوزیشن میں سب سے بڑی تعداد میں ممبران ان کے ہیں۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ درخواست گزار کو اعتراض ہے کہ فریقین کسی دوسری پارٹی کو سہولت فراہم کرکے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کریں گے، فریقین کو 20 اگست کے لیے نوٹس جاری کیا جاتا ہے، فریقین 7 اگست کے نوٹیفکیشن پر مزید کارروائی نہ کریں گے۔