دریائے ہنزہ پھر بپھر گیا، گلمت اور گوجال کے مقام پر سیلابی ریلوں سے تباہی مچ گئی

Published On 13 August,2025 02:51 am

گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ پھر بپھر گیا ،، گلمت اور گوجال کے مقام پر سیلابی ریلوں سے تباہی مچ گئی۔

واٹر چینل پر کام کرنیوالے 70 کے قریب مزدور بال بال بچ گئے، پہاڑی پتھر گرنے سے شاہراہ قراقرم پر کئی مسافر پھنس گئے، طغیانی کے باعث شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، کئی سو کنال زرعی اراضی اور املاک کو نقصان پہنچا۔

شگر میں زرعی اراضی اور درخت سیلابی ریلے کی نذرہوگئے، ظفروال میں نالہ ڈیک کا ہنجلی کے مقام پر پل بیٹھ گیا، ٹریفک معطل ہوگئی، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، پانی کی سطح 18 فٹ سے بلند ہوگئی، حفاظتی بند ٹوٹنے سے فصلیں زیر آب آگئیں۔

دریائے چناب میں گجرات کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب آگیا، مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 71 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی، درجنوں دیہات کو محفوظ بنانے والا حفاظتی بند کوٹ نکہ کے مقام پر پانی میں بہہ گیا۔