پنجاب: حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ، ممکنہ سیلاب کی وارننگ

Published On 12 August,2025 10:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں طغیانی کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے آئندہ دو روز میں دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، بھاکڑا ڈیم 61 فیصد، پونگ ڈیم 76 فیصد جبکہ تھین ڈیم 64 فیصد تک بھر چکے ہیں، ان حالات میں دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ غیر معمولی طور پر بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے، محکمہ آبپاشی اور ارسا مشترکہ طور پر 24 گھنٹے دریاؤں اور ڈیمز کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح عارضی طور پر معمول پر آ چکی ہے تاہم دریائے ستلج میں دوبارہ پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ برقرار ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریائی علاقوں میں احتیاط برتیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔