نوشہرہ: (دنیا نیوز) نوشہرہ کے علاقے کاہی خواڑ میں سیلابی ریلے میں پھنسے 8 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
مقامی لوگوں نے دو گاڑیوں میں پھنسے 4 بچوں اور 2 خواتین سمیت تمام 8 افراد کو بحفاظت نکالا اور محفوظ مقام پر پہنچا دیا۔
نظام پور، زیارت کاکا صاحب اور چراٹ میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آئی جس کے باعث متعدد دیہات کا نوشہرہ اور خیر آباد سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے، صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے۔
دوسری طرف ہنزہ میں پاک چین شاہراہ قراقرم دریائی کٹائو کے باعث مورخون کے مقام پر بند ہو گئی، ٹریفک کو بحال کرنے کیلئے ایف ڈبلیو او کی مشینری موقع پر پہنچ گئی، متاثرہ مقام سے متبادل راستہ بنایا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق چھوٹی گاڑیوں کی آمد و رفت جزوی طور پر بحال کر دی گئی، بڑی گاڑیوں کیلئے شاہراہ مکمل کھلنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے، شہری اور سیاح سفر کرنے سے پہلے شاہراہ کی صورت حال معلوم کریں۔