لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی کے بعد اس جشن آزادی کا مزہ دوبالا ہوگیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے جو ہمیں شہداء کی قربانیوں اور لاکھوں مسلمانوں کی ہجرت کے بعد حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کا تقاضا کرتا ہے، ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اور ہمیں اسے ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے سنوارنا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے معرکہ حق میں حالیہ کامیابی کو بھی قوم کے لئے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع میں حاصل کی گئی یہ اہم کامیابی اس سال کے جشنِ آزادی کو مزید معنی خیز اور پرمسرت بنا رہی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی ضرور منائیں، خوشی منائیں، لیکن ذمہ داری کے ساتھ، زمین پر گری ہوئی جھنڈیاں اٹھائیں، کیونکہ ہمارا پرچم ہماری پہچان ہے، اپنی پہچان کو پاؤں تلے مت روندیں۔