کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مٹھی بھر لوگ بندوق کے زور پر پاکستان کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وطن عزیز پاکستان کیلئے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، ہماری بہادر افواج نے معرکہ حق میں بھارت کے دانت کھٹے کئے، جس پر اپنی بہادر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بھارت کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے بھی معرکہ حق میں قائدانہ صلاحیت دکھائی، جس پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، گوادر سے لیکر ژوب تک جشن آزادی منایا جا رہا ہے، بلوچستان کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں، بلوچستان کے عوام نے گوادر سے لیکر ژوب تک جشن آزادی منایا۔
ان کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر لوگ بندوق کے زور پر پاکستان کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، بلوچستان میں روایتوں کے امین لوگ بستے ہیں، بلوچی روایات کو بے دردی کے ساتھ کچلا جا رہا ہے، عورتوں، معصوم بچوں اور مسافروں کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے، ہم سب کو ان دہشتگردوں کے خلاف کھڑا ہونا پڑے گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمیں مل کر ان دہشتگردوں کی آنکھیں سے آنکھیں ملانی پڑیں گے، دہشتگرد ہماری روایات کو پامال کر رہے ہیں، بلوچستان کے لوگ تو اپنے مہمانوں کیلئے جان قربان کر دیتے ہیں، دہشتگرد ہمارے مہمانوں اور مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کرتے ہیں، یہ دہشتگردی، بے چینی اور بدامنی بہت جلد ختم ہونے جا رہی ہے، اس طرح کے واقعات بلوچستان میں پہلے بھی دیکھے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے جوان، پولیس اورسکیورٹی ادارے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، اس خطے میں امن کا سورج پوری آب وتاب کے ساتھ ضرور طلوع ہوگا۔