لاہور: (دنیا نیوز) معرکہ حق کی فتح سے آزادی کا جشن دوبالا ہوگیا۔
کراچی سے خیبر، گلگت سے گوادر تک وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کیا گیا، نگر نگر قریہ قریہ سبز ہلالی پرچموں کی بہار آگئی، گلیاں، محلے، شاہراہیں سج گئیں، جگہ جگہ چراغاں کیا گیا، بچے بھی جشن آزادی کی خوشی سے سرشار رہے۔
جھنڈیوں، بیجز و دیگر آرائشی سامان کی خریداری رات گئے تک جاری رہی، لاہور میں آزادی کے جشن کے موقع پر مینار پاکستان کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، گریٹر اقبال پارک میں قومی پرچموں کی بہار آگئی، جیلانی پارک میں لاہور کا سب سے بڑا قومی پرچم لہرا دیا گیا، تمام انڈر پاسز اور اہم شاہراہیں برقی قمقموں سے منور ہوگئیں۔
آسمان پر لہراتے پرچم اور روشنیوں کا سمندر آگیا، سول سیکرٹریٹ لاہور حب الوطنی کی علامت بن گیا، سکھر میں 3 ہزار سے زائد بچوں نے سبز اور سفید کپڑے زیب تن کر کے بڑا قومی پرچم بنا دیا۔
تھرپارکر میں جشن آزادی کے رنگ، اونٹوں اور گھوڑوں پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر سواری کا لطف اٹھایا گیا، دہلی دروازہ لاہور سے رنگیلا رکشہ پریڈ کا شاندار انعقاد کیا گیا، ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ نے عوام کے دل موہ لئے۔
وزیر خان چوک میں آرٹس اینڈ کرافٹس فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا، فن پاروں کی نمائش کی گئی، مصوری، خطاطی اور فیس پینٹنگ توجہ کا مرکز بنی رہی۔