یوم آزادی، معرکہ حق کی تقریب: ترکیہ، آذربائیجان کے فوجی دستوں کا مارچ پاسٹ

Published On 13 August,2025 10:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے جناح سپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کے موقع پر منعقد ہونے والی پُروقار اور ولولہ انگیز مرکزی تقریب برادر اسلامی ملک ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستے بھی شریک ہوئے۔

قومی تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے خصوصی شرکت کی، تقریب میں وفاقی وزراء، پارلیمنٹ کے ارکان اور دوست ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کی خاص بات برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستوں کی شرکت تھی، جنہوں نے پریڈ میں حصہ لیا اور سلامی کے چبوترے سے مارچ پاسٹ کیا۔

جب یہ دستے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرے تو عوام نے پرجوش نعروں اور تالیوں سے ان کا خیرمقدم کیا اور بھرپور خراج تحسین پیش کیا، اس مظاہرے نے پاکستان اور ان ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کا عکاس منظر پیش کیا۔

یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی یہ تقریب ملی یکجہتی، بھائی چارے اور قربانی کے جذبے کی علامت بن کر ابھری، جہاں شہریوں نے جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ بھرپور شرکت کی اور آزادی کے عظیم دن کو شایانِ شان طریقے سے منایا۔