جرات اور حکمت بھارت کیخلاف حالیہ کامیابی کا باعث بنی: صدر مملکت

Published On 14 August,2025 02:35 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا جرات اور حکمت بھارت کیخلاف حالیہ کامیابی کا باعث بنی، معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کئے، فتح عوام کیلئے نئے اعتماد کا ذریعہ بنی ہے، بیرونی جارحیت کے جواب میں قوم نے اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر ہم نے بھرپور قوت سے وطن کا دفاع کیا، امن کے خواہاں ہیں مگر دباؤ کے آگے نہیں جھکتے، عزم سے ہر شعبے میں کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جذبے کو معاشی بحالی اور تکنیکی ترقی کی جانب لگانا ہوگا، کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد ہمارے دل کے قریب ہے۔