کراچی میں پھر برسات، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، سڑکوں پر پانی جمع

Published On 20 August,2025 02:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی، صدر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، جمشیدروڈ، کلفٹن، ڈیفنس، نرسری، شارع فیصل، ایئرپورٹ، فریئر ہال، کالا پل، پی ای سی ایچ ایس میں موسلادھار بارش ہوئی ہے، کھارادر، جوڑیا بازار، اردو بازار، برنس روڈ اور لائنز ایریا میں بھی بادل برسے۔

اس کے علاوہ طارق روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے جس سے شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

موسلادھار بارش کے باعث شہر قائد کے 7 انڈر پاسز کئی فٹ پانی بھرنے کے باعث ٹریفک کیلئے بند ہوگئے، شارع فیصل نرسری کے مقام پر بارش کے بعد جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: طوفانی بارش نے کراچی کو ڈبو دیا، حادثات میں 11 افراد جاں بحق، آج عام تعطیل

ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) انجم نذیر ضیغم کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دوپہر شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ شام 7 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

انجم نذیرضیغم نے کہا کہ کراچی شہر کے شمال مشرق میں گرج چمک کے بادل موجود ہیں، سندھ میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، کلاؤڈ برسٹ پہاڑی علاقوں میں ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش سے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوچکی ہے، شہر میں آج عام تعطیل ہے، عدالتیں بھی بند ہیں، بارش کے باعث خراب گاڑیاں تاحال سڑکوں پر موجود ہیں، یونیورسٹی روڈ پر بارش سے گڑھے پڑ گئے، مختلف علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہ ہوئی، شہری حبس اور گرمی سے پریشان ہیں۔

دوسری جانب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کا کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں سے تباہی ہوئی، کراچی میں کل تباہ کن بارش ہوئی، منگھو پیر میں 235 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مرتضیٰ وہاب کی نیوز کانفرنس کے دوران بارش نے انٹری دے دی، میئر کراچی نیوز کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔