جنرل ساحر شمشاد کا دورہ ازبکستان، سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں

Published On 21 August,2025 07:24 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ازبکستان کے سرکاری دورہ پر تاشقند پہنچے جہاں انہوں نے سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ساحر شمشاد نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف، وزیر دفاع میجر جنرل شخرات خولموخامیدوف اور سیکرٹری قومی سلامتی کونسل لیفٹیننٹ جنرل وکٹر محمدوف سے ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں بدلتے ہوئے بین الاقوامی اور علاقائی جیو پولیٹیکل اور سکیورٹی صورتحال پر بات چیت سمیت فریقین کا دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان کے ازبکستان کے ساتھ گہرے اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔

اس موقع پر ازبکستان کی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔