پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت جامع مذاکرات کیلئے تیار ہے: اسحاق ڈار

Published On 22 August,2025 02:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ بندی پر عمل جاری ہے، جنگ بندی کیلئے بھارت نے امریکا سے درخواست کی تھی، جنگ بندی کیلئے مجھے امریکا سے فون آیا تھا، میں نے واضح کیا تھا کہ پاکستان جنگ چاہتا ہی نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی سے نہیں کہا تھا کہ ہمیں بھارت کے ساتھ بٹھائیں، ہم سے کسی نیوٹرل مقام پر بٹھانے کی بات کی گئی تھی، میں نے کہا تھا کہ اگر نیوٹرل مقام پر میٹنگ ہوگی تو کر لیں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ واضح کیا تھا کہ بھارت کے ساتھ کسی ایک نکاتی ایجنڈے پر بات نہیں ہوگی، بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بات ہوگی، بھارت کی جانب سے بلاوجہ بیان بازی جاری رہتی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش کا میرا 2 روزہ دورہ ہے، دورے کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کو مزید قریب لانا ہے۔

یاد رہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل بنگلہ دیش کے دورہ پر روانہ ہوں گے۔