امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارتی طیارے گرائے جانے کی تصدیق کر دی

Published On 09 August,2025 11:13 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی جنگی طیارے گرائے جانے کی تصدیق کر دی۔

آذربائیجان اور آرمینیا میں امن معاہدے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں 5یا 6 جنگی طیارے گرائے گئے، دونوں ممالک کے درمیان تنازع بڑا تھا، پاکستان اور بھارت ممکنہ ایٹمی جنگ کے دہانے پر تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں جنگیں نہیں چاہتا، امن اور تجارت چاہتا ہوں، میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بھی رکوائی، روس سے ڈیل آخری مرحلے میں ہے، صدر پیوٹن اور زیلنسکی سے جلد ملاقات ہوگی، روس اور یوکرین اب امن چاہتے ہیں۔

امریکی صدر نے پاک بھارت جنگ بندی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک بڑی جنگ کی طرف جارہے تھے، ان سے کہا کہ لڑائی نہیں تجارت کرو، پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔

دوسری طرف بھارت نے امریکا کے حالیہ ٹیرف اقدامات سے تنگ آ کر روس اور چین سے قربت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلہ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سات سال میں پہلی بار چین کا دورہ کرنے جا رہے ہیں جبکہ مودی نے روسی صدر پیوٹن کو بھی بھارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔

اس کے علاوہ بھارت نے امریکا سے ہتھیاروں اور طیاروں کی فروخت بھی روک دی ہے جسے عالمی ماہرین نے سنجیدہ اقدام قرار دے رہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: آذربائیجان اور آرمینیا کے سربراہان کا امریکی صدر کو نوبیل امن انعام دینے کا مطالبہ

یاد رہے کہ امریکی جریدے بلوم برگ کے مطابق بھارت کے صدر نریندر مودی نے 17 جون کو ٹرمپ کی کھانے کی دعوت قبول کرنے سے انکار کیا تھا کیونکہ مودی کو خدشہ تھا کہ اس موقع پر ٹرمپ کہیں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات نہ کرا دیں۔

بلوم برگ کے مطابق17 جون کو امریکی صدر اور نریندر مودی کی 35 منٹ ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، ٹرمپ اور مودی کی فون کال امریکا بھارت تعلقات کے درمیان ٹرننگ پوائنٹ بنی، تناؤ بھری ٹیلی فونک گفتگو کے بعد امریکا بھارت تعلقات میں تلخی آنا شروع ہوئی۔

اسی ٹیلی فونک گفتگو کے بعد امریکی صدر نے بھارتی معیشت کو مردہ قرار دیا اور بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف بھی عائد کر دیا۔