آزاد کشمیر میں بارشوں سے 23 افراد جاں بحق، 290 گھر مکمل تباہ: رپورٹ

Published On 25 August,2025 09:14 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں مون سون بارشوں کے دوران نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 23 افراد جاں بحق جبکہ 28 زخمی ہوئے، 290 گھر مکمل تباہ ہوئے جبکہ 1668 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے

رپورٹ کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے 33 پلوں کو نقصان پہنچا، 232 کلو میٹر رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ اور نالوں میں طغیانی کے باعث متاثر ہوئیں، بارشوں کے دوران ندی نالوں میں طغیانی سے 79 رابطہ پل جبکہ 169 سکول بھی تباہ ہوئے۔

ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات میں 235 مویشی ہلاک ہوئے، 17 پن چکیاں ( گراٹ) کو بھی نالے بہا لے گئے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق وادی نیلم سمیت مختلف علاقوں میں 15 گاڑیاں بھی نالوں میں بہہ گئیں۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسم جزوی ابرآلود ہے، رات گئے سے جاری بارش کا سلسلہ تھم جانے کے بعد گرمی کی شدت اور حبس میں بھی کمی آنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔