گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے گاؤں تالی داس میں برفانی پہاڑ کے ٹکڑے گرنے سے بننے والی 8 کلومیٹر جھیل کے پانی میں اخراج کی وجہ سے 8 فٹ تک کمی آ گئی۔
محکمہ اطلاعات کے افسر منیر اے جوہر کی طرف سے بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ ضلع غذر جہاں 3 روز قبل برفانی جھیل پھٹ جانے کے نتیجے میں خوفناک سیلابی ریلا آیا تھا اور ریلے کے ملبے سے دریا کا پانی بند ہونے سے 8 کلومیٹر پر محیط جھیل بنی تھی، اب پانی کے اخراج سے جھیل کے پانی میں 8 فٹ تک کمی آئی ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ جھیل کا بند ٹوٹ جانے سے نشیبی علاقوں کو خطرات ہیں، اس بنا پر گلگت کے حدود میں متعدد ہوٹلوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور دریائے گلگت کے کناروں پر آباد چند گھرانوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیاگیا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم کے ایک نوٹیفکیشن میں بھی غذر کی جھیل کا بند ٹوٹ جانے سے بڑے نقصانات کے خدشات پر محکمہ تعلیم نے دریائے گلگت کے کنارے پر موجود 8 سکولوں کو بھی بند کر دینے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ اطلاعات کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ رات بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے تھلپن دیامر میں 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
استور کے گاؤں گدائے میں گزشتہ شام کو سیلاب سے 7 گھر متاثر ہوئے، اسی طرح استور مشکن میں بارش سے پھنسے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر گزشتہ شام سے بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔