خیبرپختونخوا میں بارشوں سے سڑکوں، پلوں کو ہونیوالے نقصان کی رپورٹ جاری

Published On 23 August,2025 05:11 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 15 سے 22 اگست کے دوران سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے صوبے بھر میں 331 سڑکیں مختلف 336 مقامات پر متاثر ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ان متاثرہ سڑکوں میں سے 493 کلومیٹر طویل سڑکیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکی ہیں جبکہ اب بھی 57 سڑکیں بند ہیں۔

محکمہ مواصلات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تقریباً 9 ارب 45 کروڑ روپے درکار ہوں گے، اب تک 50 سڑکیں مکمل اور 229 جزوی طور پر بحال کی جا چکی ہیں۔

اسی دوران صوبے میں 32 پل بھی سیلاب میں بہہ گئے جن میں سے صرف ایک پل مکمل بحال ہوا ہے، 22 پل جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھولے جا چکے ہیں جبکہ 9 پل تاحال بند ہیں، پلوں کی مرمت پر ایک ارب 12 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

رپورٹ کے مطابق ضلع سوات سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 79 سڑکیں متاثر ہوئی ہیں اور 43 کلومیٹر سڑکیں سیلاب میں بہہ چکی ہیں، یہاں سڑکوں کی بحالی پر 45 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

بونیر میں 43 سڑکیں متاثر ہوئیں، جن میں سے 39 جزوی طور پر بحال ہو چکی ہیں جبکہ 4 ابھی تک بند ہیں، بونیر میں بحالی کا تخمینہ ساڑھے 4 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوابی میں بھی 41 سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، جن میں سے 32 سڑکیں تاحال بند ہیں اور ان کی بحالی پر 2 ارب 76 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات محمد اسرار کے مطابق بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان بونیر، صوابی اور دیگر اضلاع میں ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 15 اگست کو محکمہ خزانہ سے ڈیڑھ ارب روپے کی فوری فنڈنگ کی درخواست کی گئی تھی، جس میں سے 70 کروڑ روپے فوری جاری کیے گئے۔

جاری فنڈز میں سے 40 کروڑ مالاکنڈ، 10 کروڑ ہزارہ ریجن اور 20 کروڑ پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کو فراہم کیے گئے، بحالی کے کام کے لیے 186 مشینیں بھی متحرک کر دی گئی ہیں۔