اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی نے 18 ایم این ایز کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے سپیکر کو جمع کرا دیئے۔
جمع کرائے گئے استعفوں میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا استعفیٰ بھی شامل ہے، گوہر علی نے چار قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا۔
بیرسٹر گوہر نے استعفیٰ سپیکر آفس جمع کرایا، چیئرمین پی ٹی آئی نے قانون و انصاف، انسانی حقوق، آئی ٹی اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری سے استعفی دیا۔
بانی پی ٹی آئی نے ایم این ایز کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے کا پیغام دیا تھا۔
پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان
استعفے دینے والے ایم این ایز میں امجد علی خان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، جنید اکبر، بیرسٹر گوہر، شہزادہ گستاسپ، علی جدون، مجاہد علی خان شامل ہیں۔
ملک انور تاج، فضل محمد خان، ساجد خان، ارباب عامر ایوب، آصف خان، وقاص اکرم شیخ، ارشد ساہی، عامر ڈوگر، شبیر علی قریشی، اویس جکھڑ بھی کمیٹیوں سے مستعفی ہو گئے۔
کہیں کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے: بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ میں نے 4 قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا ہے، ہم نے بہت کوشش کی کہ سسٹم کا حصہ رہیں اور سسٹم چلے۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ ہماری 180 نشستیں تھیں، خیبرپختونخوا میں ہماری دو تہائی اکثریت تھی، ہمارے لوگوں کو شہید کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کو ناحق قید کیا گیا لیکن بانی پی ٹی آئی نے اور ہم نے کہا آؤ بات کرو۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بھی دیر نہیں ہوئی، بات چیت ہونی چاہیے، یہ سیاسیات ہے اور سیاست کا حصہ ہے، ابھی کہیں اور کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔