پاک فوج سیلابی علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں مصروف

Published On 30 August,2025 12:08 pm

لاہور، جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، قصور (دنیا نیوز) پنجاب کے سیلابی علاقوں میں پاک فوج کے دستے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں مصروف ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جھنگ اور فیصل آباد میں تین مقامات پر بند میں شگاف ڈالے گئے تاکہ قریبی آبادی کو بچایا جا سکے، اس اقدام کے نتیجے میں ایک سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی نیچے کی سمت منتقل ہو گیا۔

پاک فوج کے جوان متاثرین سیلاب کو ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں، فیصل آباد کے متاثرہ دیہات میں پھنسے 15800 افراد میں سے 14050 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے جن میں بزرگ، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

تاندلیانوالہ تحصیل میں سیلاب متاثرین کے لیے 5 ریلیف کیمپس، 18 میڈیکل کیمپس اور 6 ریسکیو کیمپس فعال کر دیئے گئے ہیں، اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی پاک فوج نے ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر ریسکیو اور ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں۔

ریلیف کیمپس میں متاثرین کو ضروری طبی امداد اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ پاک فوج کی جانب سے سیلابی پانی کی نکاسی اور ریلیف سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرین سیلاب نے پاک فوج کے بروقت ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔