اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلسطین کے چیف جسٹس ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے ملاقات کی۔
وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی اہم ملاقات میں امام مسجد اقصیٰ اور امام مسجد ابراہیمی بھی شریک تھے۔
فلسطینی وفد نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ملت فلسطین کی حمایت دین، نسل، عقیدہ اور ثقافت سے بالاتر ہو کر ایک انسانی و اخلاقی فریضہ ہے۔
انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام اور مقدسات کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں فلسطین کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے مظلوم عوام کیلئے امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش نے پاکستان کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم پر عالمی سطح پر مؤثر آواز بلند کرنے پر ہم پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ستمبر کے دوران کئی ممالک فلسطین کو آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے جا رہے ہیں اور وہ وقت قریب ہے جب عالم اسلام کے قائدین مسجد اقصیٰ میں اکٹھے ہو کر شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے علما کے تبادلے، مکالمے کے فروغ اور مشترکہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔