کے پی حکومت کا بڑا اقدام، دریاؤں کا تحفظ ترمیمی بل 2025 تیار

Published On 05 September,2025 09:04 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب کے باعث حادثات سے بچنے اور دریاؤں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ’’دریاؤں کے تحفظ آرڈیننس 2002‘‘ کو بل میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس بل کو ’’دریاؤں کا تحفظ ترمیمی بل 2025‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق بل میں دریاؤں کے تحفظ اور ماحولیاتی مسائل سے بچنے کے لیے متعدد تجاویز شامل کی گئی ہیں، دریاؤں کے قریب 200 فٹ کا علاقہ پروٹیکٹڈ لینڈ قرار دیا گیا ہے جہاں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے درخت لگانے سمیت دیگر اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید برآں کسی بھی دریا یا نالے پر پل یا دیگر تعمیراتی کام سے قبل متعلقہ اداروں سے این او سی لینا لازمی ہو گا، اسی طرح 200 فٹ کے فاصلے پر ہوٹل، گھر یا دیگر تعمیرات کرنے کی صورت میں استعمال شدہ پانی کے لیے پلانٹ لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

بل کے تحت خلاف ورزی پر جرمانہ 10 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، حکام کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے 7 دن پہلے نوٹس دینا لازمی ہوگا جبکہ نوٹس پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں 7 سال قید کی سزا دی جا سکے گی۔

دستاویز کے مطابق بل میں قانون کی خلاف ورزی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، محکمہ قانون نے بل تیار کر کے محکمہ آبپاشی کو ارسال کر دیا۔