لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، کراچی میں آج بارش متوقع

Published On 07 September,2025 09:16 am

لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کراچی میں آج شام بارش متوقع ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، کینال روڈ، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ایم اے او کالج روڈ، چوبرجی، مزنگ، فیروزپور روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن سمیت کئی مقامات پر بادل برسے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں مزید بارش کا امکان ہے، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا، رحیم یار خان، پاکپتن، ساہیوال، کوٹ ادو، خانیوال، ڈی جی خان، ملتان، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب کراچی میں آج شام سے جمعرات تک تیز بارش کا امکان ہے، موسلادھار بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ کوہستان، دیر، سوات، چترال اور کرم، پشاور، خیبر، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ اور وزیرستان میں بھی بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دسواں سپیل 9 ستمبر تک جاری رہے گا۔