موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر دریاؤں کا تحفظ ناگزیر ہو چکا: بیرسٹر سیف

Published On 08 September,2025 12:10 pm

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر دریاؤں کا تحفظ ناگزیر ہو چکا ہے۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ دریاؤں کے کنارے قائم تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری ہے، وزیراعلیٰ نے تمام انتظامیہ کو بغیر کسی دباؤ کے تجاوزات ختم کرنے کی سخت ہدایت کی ہے، تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہیں، کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، حالیہ سیلابوں میں نقصانات کی بڑی وجہ دریاؤں کے کنارے قائم تجاوزات اور آبی گزرگاہوں میں کی گئی تعمیرات تھیں۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر دریاؤں کا تحفظ ناگزیر ہو چکا ہے، ریور پروٹیکشن ایکٹ میں ضروری ترامیم بھی زیرِ غور ہیں، ترامیم کا مقصد دریاؤں کو سیلابی صورتحال کے مقابلے کیلئے مضبوط بنانا ہے۔