9 مئی و توشہ خانہ کیسز: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

Published On 09 September,2025 10:27 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت 7 اکتوبر تک برقرار رکھی۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی واقعات، اقدامِ قتل اور احتجاج کے مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع دی جبکہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدوں کے الزام پر عبوری ضمانت میں بھی توسیع کر دی گئی۔

سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر آج بھی فیصلہ نہ سنایا جاسکا جبکہ بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہیں ہوسکے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر اکٹھا فیصلہ سنایا جائے گا۔

سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈووکیٹ خالد یوسف چودھری پیش ہوئے، ان کے خلاف تھانہ ترنول، کراچی کمپنی، کوہسار سمیت دیگر تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔