انتخابی عمل کا بائیکاٹ اپوزیشن کا سیاسی فیصلہ ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

Published On 09 September,2025 01:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرنا ان کا سیاسی فیصلہ اور صوابدید ہے۔

پنجاب اسمبلی اجلاس کے موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان کا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اگرچہ بائیکاٹ کا اعلان کیا، لیکن اپنا امیدوار الیکشن کمیشن سے ریٹائر نہیں کیا جس کے باعث انتخابی عمل کرانا ضروری ہوگیا، میں سیاسی عمل کا حامی ہوں، بائیکاٹ جیسے فیصلے عوامی نمائندگی اور ان کے حقوق سے دوری کا باعث بنتے ہیں۔

انہوں نے میاں نواز شریف کے ساتھ ہونے والے سلوک پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جتنا انتقام میاں نواز شریف سے لیا گیا اتنی زیادتی کسی اور سیاسی رہنما کے ساتھ نہیں ہوئی، ن لیگ کے رہنماؤں پر ناجائز مقدمات بنائے گئے، ان کے گھر جلائے گئے۔

ملک محمد احمد خان کا 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ریاست پر حملہ کیا گیا، کور کمانڈر کے گھر اور رانا ثناء اللہ کے گھر پر حملہ ہوا، یہ ایک خطرناک رجحان ہے جس کی مذمت ہونی چاہئے۔

سپیکر نے علیمہ خان پر انڈا پھینکے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی یہ حرکت کی ہے، اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے، سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر ذاتی حملے قابل قبول نہیں۔