پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ثانیہ نشتر کے استعفیٰ کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر ضمنی الیکشن کیلئے تاخیر سے شروع ہونے والی پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک بیلٹ پیپر کو باہر لے جانے کی کوشش کی جا رہی تھی جسے بروقت اطلاع ملنے پر الیکشن کمیشن نے ناکام بنا دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کو پولنگ سٹیشن کا درجہ دیا گیا ہے، پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی، پی ٹی آئی کی جانب سے مشال یوسفزئی اور اپوزیشن کی جانب سے مہتاب ظفر امیدوار ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کی صوبیہ شاہد اور دیگر امیدوار انتخابات سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایوان کی کل تعداد 145 ہے، جس میں پی ٹی آئی حکومتی اراکین کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن اراکین کی تعداد 53 ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کے اراکین کی تعداد 18، 18 ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے 10، عوامی نیشنل پارٹی کے 4 اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے اراکین کی تعداد 3 ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے، پولنگ سٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سینیٹ کی یہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔