اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مورات نورتیلو نے سے ملاقات کی۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اس وقت سرکاری دورہ پر پاکستان میں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے نائب وزیر اعظم کا پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کیا اور صدر قاسم جومارت توکایوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک میں مشترکہ دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی خواہش ہے۔
وزیراعظم نے قازقستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں اور عوام سے عوام کے تبادلے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان قازقستان کے صدر کے دورے کو بہت اہمیت دے رہا ہے۔
شہباز شریف نے مختلف مفاہمتی یادداشتوں اور زیر غور معاہدوں کو حتمی شکل دینے کیلیے ایک وفد آستانہ بھیجنے کی پیشکش کی۔
دونوں فریق پچھلے کئی مہینوں سے باقاعدہ بات چیت کرتے رہے ہیں، توقع ہے کہ اس سال کے آخر میں دونوں ممالک کے درمیان اہم مفاہمتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
قازقستان کے نائب وزیر اعظم نے گرمجوش مہمان نوازی پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا، قازقستان کے نائب وزیر اعظم نے اسحاق ڈار کے ساتھ اپنی تفصیلی بات چیت سے آگاہ کیا۔
نائب وزیراعظم قازقستان مورات نورتیلو نے کہا کہ صدر توکایوف کا آئندہ دورہ اسلام آباد انتہائی تاریخی اور کامیاب ہوگا، اس سے پاکستان اور قازقستان تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔