اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وفاق صوبائی حکومتوں کی معاونت کے لیے تیار ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت حالیہ بارشوں و سیلاب میں امداد و بحالی سرگرمیوں پر اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزرا، متعلقہ حکام و سرکاری افسران نے شرکت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بارشوں و سیلاب کے متاثرین کی بحالی ترجیح ہے، دریاؤں سے ملحقہ علاقوں کے حوالے سے تیاری یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی یقینی بنائی جائے، سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو مالی معاونت پہنچانے کیلئے کمیٹی قائم کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: عطیات کا عالمی دن، وزیراعظم کی سیلاب متاثرین کیلئے امداد و تعاون بڑھانے کی اپیل
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی آئندہ برس کے مون سون سیزن کیلئے ابھی سے تیاری کرے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ،اداروں اورصوبائی حکومتوں کی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔