مریم نواز کا گجرات کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کو ازالہ کی یقین دہانی کرائی

Published On 05 September,2025 06:48 pm

گجرات :(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گجرات کےسیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،ریلیف اور ریسکیو کارروائیوں کا جائزہ لیا جب کہ متاثرین کو ازالہ کی یقین دہانی کرائی۔

مریم نوازکی متاثرہ خواتین سے ملاقات، مسائل دریافت کیے اور سیلاب متاثرین میں تحائف بھی تقسیم کیے، انہیں کیمپوں میں مقیم متاثرین کے لیے طبی سہولیات سےآگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر ضلعی حکام نے وزیراعلی ٰ پنجاب کو بریفنگ دی ، اپنی بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، مویشیوں کے لیے ڈاکٹرز اور چارےکا وافر ذخیرہ موجود ہے۔

متاثرہ علاقوں سےشہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، گجرات میں 20 ریلیف کیمپ ہیں۔

مریم نواز جلال پورجٹاں کے علاقے شہباز پور فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی پہنچ گئیں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جلال پور جٹاں کے نواحی علاقے شہباز پور فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی پہنچ گئیں، انہوں نے نواز شریف کی ٹینٹ سٹی میں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، خواتین اور بچوں میں تحائف پیش کیے۔

مریم نواز نے ٹینٹ کے اندر بیٹھ کر ننھی بچی اور اس کی والدہ سے بات چیت کی، کمسن بچی نے وزیراعلیٰ کو دیکھ کراظہارِ مسرت کیا جب کہ وہاں کھانا، ادویات، صفائی اور دیگر سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

ذیابیطس کی بزرگ خاتون مریِضہ کو شوگر چیک اپ کیلئے خود فیلڈ ہسپتال لے  کر گئیں، مریِضہ کو انسولین، گلوکو میٹر اور دیگر ضروری اشیا ء فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے سیلاب سے گھرمسمار ہونے پر آبدیدہ نوجوان کو تسلی دی، گھر بنانے میں پوری معاونت کی یقین دہانی کرائی اور بھینس سیلاب میں بہہ جانے والے معمر شخص کو بھی دلاسہ دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سروے شروع ہورہا ہے، ازالہ کریں گے،آبی گزرگاہوں کے علاوہ دیگر مقامات پر گھر بھی بنا کر دیں گے، سیلاب متاثرین کوپینے کا صاف پانی، کھانا اور مویشیوں کو چارہ فراہم کیاجارہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگ جہاں جہاں بیٹھے ہیں،وہاں ٹینٹ لگا کر دیے جائیں، کھانا اور دیگرضروریات زندگی کی اشیا فراہم کی جائیں، تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے جانیں بچانے پر خوشی ہے، عوام کی خدمت کا جذبہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے سیلاب متاثرین کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ فکر نہیں کرنی میں آپ کے ساتھ ہوں، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے شہباز پور پل کا  دورہ کیا اور’ کلینک آن بوٹس‘ کا بھی معائنہ کیا اور منصوبے کو سراہا

دوسری جانب مریم نواز نے وائرلیس پر ریسکیو فیلڈ ٹیموں کو مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا جب کہ ریسکیو اہلکاروں کو انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔