پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی و امداد کا آغاز

Published On 05 September,2025 06:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر سیلاب متاثرین کی بحالی و امداد کا آغاز کر دیا گیا۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات اور امداد فراہم کرنے کے فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں محکمہ آبپاشی، زراعت، لوکل گورنمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو، اربن یونٹ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی، سیلاب سے متاثرہ مواضعات کی تفصیلی مشترکہ سروے رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ سروے میں زیرِ آب رقبہ، فصلوں کا نقصان اور مالی تخمینہ شامل ہوگا، سروے میں محکمہ زراعت، آبپاشی اور ریونیو افسران شریک ہوں گے۔

نبیل جاوید نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی فہرست SUPARCO سیٹلائٹ ڈیٹا سے تیار کی جائے گی، پی ڈی ایم اے پنجاب نے مالی نقصانات کا تعین کرنے کے لیے پروفارما جاری کر دیا ہے۔