مریم نواز کا جنگ ستمبر کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید کو خراج عقیدت

Published On 12 September,2025 09:13 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 1965 کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی کے یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی، وطن عزیز کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے حقیقی محسن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی اور ان کی بہادری نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہماری آزادی اور سلامتی انہی جانبازوں کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

یاد رہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے 1965 کی جنگ میں لاہور کے محاذ پر دشمن کے حملوں کو سینہ تان کر روکا اور 12 ستمبر کو جامِ شہادت نوش کیا، انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔