اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) میں بغیر اشتہار دیئے آئی ٹی ڈائریکٹرزکی تعیناتیوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست پر سماعت کی جس کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے چیئرمین نیکا بورڈ، وفاقی وزیر توانائی، سیکرٹری توانائی اور ایم ڈی نیکا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔
درخواست گزاروں کے وکیل رجہ عدنان اسلم کی جانب سے مؤقف اختیار کیا کہ آئی ٹی ڈائریکٹرز کی بھرتیاں بغیر کسی اشتہار کے ہوئیں، جس سے شفافیت کی مکمل خلاف ورزی ہوئی، ان تعیناتیوں میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، لہٰذا عدالت ان بھرتیوں کو کالعدم قرار دے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ تعینات ہونے والے دونوں ڈائریکٹرز سے تنخواہوں اور دیگر مراعات کی ریکوری کا حکم بھی جاری کرے۔
درخواست گزاروں نے اپنی پٹیشن کے ساتھ دستاویزی ثبوت بھی منسلک کیے ہیں، جن میں مبینہ غیر شفاف عمل کی تفصیلات شامل ہیں۔