گجرات: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ن لیگ کے وزیروں کو شرم آنی چاہئے انہوں نے ایک دھیلہ بھی اپنی جیب سے نہیں دیا۔
مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالہٰی کی جانب سے گجرات میں سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا سلسلہ جاری ہے ،چودھری پرویزالہٰی نے راسخ الہٰی کے ہمراہ یونین کونسل مدینہ اور یونین کونسل سوک کلاں کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی، راشن تقسیم کیا۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ جب یہاں سیلاب آیا تو سب سے پہلے ہماری طرف سے امداد ملنا شروع ہوئی، پھر ہمارے مخالفین کو خیال آیا کہ ہم نے بھی وہاں جانا ہے، یہ یہاں پر آ کر شعبدہ بازی کر رہے ہیں اس کے علاوہ ان کا کوئی مقصد نہیں۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے غریبوں سے ناجائز ٹیکس لگا کر جو پیسے اکٹھے کیے تھے وہ یہاں بانٹ رہے ہیں، ہم جتنا بھی راشن تقسیم کر رہے ہیں اپنی جیب سے کر رہے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ اس مشکل گھڑی میں آپ کی مدد کریں، جہاں کسی کو تکلیف ہو وہاں پہنچا جائے۔
چودھری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو بھولے نہیں، آپ لوگوں کے دکھ سکھ میں شامل ہیں تاکہ آپ کی تکلیف دور کریں، یہ تین سال سے حکومت میں بیٹھے ہیں، پہلے یہاں پر سیلاب آنے کا حساب دیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بارش کا پانی نہیں یہ ان کی نالائقی ہے جو آپ کے گھروں میں پانی گیا ہے، سارے پنجاب میں لوگوں کی فصلیں خراب ہوئیں اور لوگ بے روزگار ہوئے۔
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام تو پہلے ہی ان کی شکلوں سے تنگ ہیں، یہاں ان کے دکھ میں تو کوئی شامل نہیں ہوا بس باتیں کی گئیں، ہم اپنے دور میں ایسے کام لے کر آئے جس سے ضلع گجرات میں ترقی ہوئی۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ میرے دور میں مونس الہٰی نے صرف موضع سوک کلاں کے علاقے کیلئے 14 کروڑ کے فنڈز سے ترقیاتی کام کروائے وہ بھی اس حکومت نے برباد کر دیا، تین سال سے ہمارے منصوبے بند نہ کرتے تو گجرات کا یہ حال نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت آتے ہی سب کے کام روک دیتی ہے جس سے نہ صرف پنجاب بلکہ ملک تباہی کا شکار ہو جاتا ہے، دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ عمران خان اور ہمیں دوبارہ اقتدار میں لے کر آئے تو پھر انشاء اللہ آپ کی جو کمی رہ گئی ہے وہ بھی پوری کر دیں گے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہاں پر جو لوگ رہ گئے ہیں ان کے نام دیں ہم ان کیلئے بھی ٹرک بھیجیں گے، ہمارے لیے دعا کریں کہ اللہ ہمیں آپ کی اور زیادہ مدد کرنے کا موقع دے۔
اس موقع پر سید توحید شاہ، سید فضیلت حسین شاہ، سید توصیف شاہ، میاں عمران مسعود، امجد پرویز بٹ، چودھری شمشیر وڑائچ، چودھری فخر ندیم موجود تھے۔
چودھری اعجاز چک بھولا، چودھری عابد پوربہ، حاجی نعیم فاروق وڑائچ، چودھری ذوالفقار لوراں، چودھری صمصام لوراں، سید احتشام شاہ و دیگر بھی ہمراہ تھے۔