لاہور میں سیلاب سے کتنا نقصان ہوا؟ ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ مرتب

Published On 16 September,2025 12:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہورمیں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ تیار کر لی گئی، 5 تحصیلوں میں سیلاب سے مجموعی طور پر 82 ہزار 952 افراد متاثر ہوئے۔

سیلابی صورتحال پر ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق لاہورکی پانچ تحصیلوں کے 26 موضع جات متاثر ہوئے، تحصیل سٹی 4، راوی 9، علامہ اقبال 5، رائیونڈ 7 اور تحصیل واہگہ کا ایک موضع متاثر ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 7888 افراد کو محفوط مقامات تک پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت دی گئی، سیلاب میں پھسنے 36 ہزار 658 افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، تین افراد زخمی ہوئے، سیلاب کے باعث لاہور میں کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث ایک روڈ کو نقصان پہنچا، سیلاب کے باعث نہ کوئی چھت گری، نہ بند ٹوٹا نہ ہی کوئی پل گرا، سیلاب کے پیش نظر لاہور میں 17 میڈیکل کیمپ قائم کئےگئے، میڈیکل کیمپس میں 16 ہزار 967 افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لائیو سٹاک کے 26 ویٹرنری کیمپس کا قیام کیا گیا، ویٹرنری کیمپس میں 18921 جانوروں کو طبی سہولت دی گئی، 13 ہزار 621 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔