ریاض: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت پہنچنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا سعودی فضائیہ کی جانب سے شاندار انداز میں استقبال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر پہنچے، جیسے ہی ان کا طیارہ سعودی فضائی حدود میں داخل ہوا، سعودی ائیر فورس کے F-15 لڑاکا طیاروں نے ان کے جہاز کو اپنے حفاظتی حصار میں لے لیا اور پرتپاک خیر مقدم کیا۔
— Citymedia Sialkot (@citymediasial) September 17, 2025
وزیر اعظم نے اس خصوصی استقبال کے جواب میں سعودی لڑاکا طیاروں کو سلام پیش کیا اور طیارے کے کاک پٹ میں جا کر مائیک کے ذریعے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک بیان جاری کیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ سعودی فضائیہ کے طیاروں نے وزیر اعظم کے جہاز کو سعودی حدود میں داخل ہوتے ہی اپنی حفاظت میں لے لیا۔ انہوں نے اسے سعودی حکومت کی طرف سے برادرانہ محبت اور احترام کی علامت قرار دیا۔
— Ayab Ahmed (@Ayab_Ahmed) September 17, 2025
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عالم اسلام میں پاکستان کا یہ مقام اللہ تعالیٰ کی مہربانی، وزیر اعظم شہباز شریف کی سفارتی بصیرت اور پاکستانی افواج کی کامیابیوں کا نتیجہ ہے۔
واضح رہے کہ زیراعظم شہباز شریف نے سہ ملکی دورے کا آغاز کر دیا، پہلے مرحلے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر ماحولیات مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان سے ملاقات شیڈول ہے، دونوں رہنماؤں میں علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال ہوگا، دوطرفہ امور اور تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک میں تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودیہ مکمل کر کے برطانیہ روانہ ہوں گے، وزیراعظم کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف 21 ستمبر کو برطانیہ سے امریکا جائیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا امکان ہے، وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی 22 ستمبر کو فلسطین سے متعلق دو ریاستی حل کی سربراہ کانفرنس میں شرکت بھی متوقع ہے۔