وزیراعلیٰ سندھ کا سیلابی صورتحال پر مکمل اطمینان کا اظہار

Published On 18 September,2025 01:27 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلابی صورتحال پر مکمل اطمینان کا اظہار کر دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سیلابی صورتحال دیکھ کر تیاری کر لی تھی، ہمارے تمام بند محفوظ ہیں، حالات مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں، سیلابی ریلا گڈو بیراج پر اپنی پیک پر ہے، آئندہ 5 روز اہم ہیں، دعا ہے پانی خیریت سے گزر جائے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ لوگوں کا متاثرہ علاقوں سے انخلا جاری ہے، سیلاب متاثرین کی امداد کا پلان تیار کر لیا، آئندہ ہفتے کسانوں کیلئے پیکیج کا اعلان کریں گے، زرعی ایمرجنسی سے صرف کسانوں کا نہیں پورے ملک کا بھلا ہے۔