چمن بارڈر کے قریب پارکنگ میں دھماکا، 5 افراد جاں بحق

Published On 18 September,2025 09:14 pm

چمن: (دنیا نیوز) بلوچستان کے علاقے چمن میں پاک افغان بارڈر کے قریب کار پارکنگ میں دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر حبیب بنگلزئی نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خیز مواد مسافروں کے سامان میں رکھا ہوا تھا جبکہ اس کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر چمن نے بتایا کہ دھماکے میں تین افراد زخمی ہیں، زخمیوں اور مرنے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت نے چمن ٹیکسی اسٹینڈ پر بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق دھماکے کے بعد لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے تحت دھماکے کی نوعیت اور محرکات کا تعین کیا جارہا ہے، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی ہونے والے افراد کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

حکومت بلوچستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ تحقیقات کو مؤثر اور جلد مکمل کیا جاسکے۔