بلوچستان: مغوی اسسٹنٹ کمشنر تمپ بازیاب، خصوصی طیارے سے کوئٹہ منتقل

Published On 18 September,2025 08:35 am

کوئٹہ: (ویبب ڈیسک) بلوچستان سے اغوا ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی کو بازیاب کرالیا گیا، ان کو خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ پہنچایا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی کو 3 جون کو مسلح افراد نے اغوا کیا تھا اور کارروائی کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی تھی، ڈپٹی کمشنر کیچ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نور زئی کی بازیابی بدھ کی شب عمل میں آئی، انہیں وزیراعلیٰ بلوچستان کے خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ لایا گیا۔

ذرائع کے مطابق حنیف نورزئی کی بازیابی کو ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس میں کمشنر مکران، ڈپٹی کمشنر کیچ اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی کو بلوچستان کے ضلع کیچ سے 3 جون کو نامعلوم مسلح ملزمان نے اغوا کیا تھا۔

لیویز ذرائع نے بتایا تھا کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو نامعلوم مسلح افراد نے سرینکین کے مقام سے اغوا کرلیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تربت اور سرینکین کے مختلف علاقوں کو گھیرے میں لے کر اغواکاروں کی تلاش شروع کر دی تھی۔