کوئٹہ (دنیا نیوز) جیکب آباد کے علاقے آباد اور سلطان کوٹ کے درمیان ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے باعث متاثرہ جعفر ایکسپریس کا ٹریک بحال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ٹرین کو کوئٹہ کیلئے روانہ کر دیا گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے میں جعفر ایکسپریس کی تین بوگیاں متاثر ہوئی تھیں، جس کے بعد ٹرین کو سکھر ریلوے سٹیشن پر روک دیا گیا تھا، متاثرہ ٹریک کی مرمت کیلئے ریلوے عملہ فوری طور پر روانہ کیا گیا، کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد ٹریک کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا۔
ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹریک کی بحالی کے بعد جعفر ایکسپریس کو کوئٹہ کیلئے روانہ کر دیا گیا، کوئٹہ سے جعفرایکسپریس پشاور کیلئے معمول کے شیڈول کے مطابق روانہ ہوئی۔