کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے سریاب میں مبینہ طور پر مضر صحت آئسکریم کھانے سے 20 سے زائد بچوں کی حالت غیر ہوگئی۔
سول ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالہادی نے بتایا کہ سریاب کے علاقوں کیچی بیگ، قمبرانی روڈ اور بشیر چوک کے علاقوں سے 20 سے زائد بچوں کو بے ہوشی کی حالت میں سول ہسپتال لایا گیا۔
ڈاکٹر عبدالہادی کے مطابق متاثرہ بچوں سے متعلق مبینہ طور پر بتایا جارہا ہے کہ انہوں نے ایک آئس کریم کھائی تھی جو مضر صحت تھی۔
ڈاکٹر عبدالہادی نے مزید بتایا کہ 8 بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ 12 بچوں کو ابھی تک نگہداشت میں رکھا گیا تاہم کسی بچے کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
دوسری جانب پولیس نے والدین کی اطلاع پر آئس کریم فروخت کرنے والے کی تلاش شروع کردی۔