بلوچستان میں گندم کا بحران شدت اختیار کرنے لگا، محکمہ خوراک کے ذخائر ختم

Published On 17 September,2025 11:56 am

کوئٹہ: (عائشہ عمران ) بلوچستان میں گندم کا سنگین بحران جنم لینے لگا ہے، محکمہ خوراک کے پاس موجود گندم کا ذخیرہ ختم ہو چکا ہے جبکہ نئے سیزن 25-2024 کیلئے تاحال گندم کی خریداری نہیں کی گئی۔

محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق صوبے میں ستمبر 2025 سے مارچ 2026 تک کیلئے گندم دستیاب نہیں ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان کابینہ کی منظوری سے 2023 کا سٹاک جاری کر دیا گیا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں یہ ذخیرہ ناکافی ثابت ہو رہا ہے، گندم بحران سے نمٹنے کیلئے محکمہ خوراک کی جانب سے صوبائی حکومت کو ایک سمری ارسال کی گئی ہے۔

محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق سمری میں تجویز دی گئی ہے کہ یا تو پاسکو سے یا پھر حکومت پنجاب سے فوری طور پر 5 لاکھ بیگز گندم خریدی جائے تاکہ آنے والے مہینوں میں گندم کی قلت سے بچا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اس مجوزہ خریداری پر عملدرآمد صوبائی کابینہ کی حتمی منظوری سے مشروط ہے، جیسے ہی منظوری دی جائے گی، گندم کی خریداری کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔

بلوچستان میں گندم کی قلت سے نہ صرف آٹا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے بلکہ قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔