بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہو رہا، عوام کا تعاون قابل تحسین ہے: سرفراز بگٹی

Published On 07 September,2025 02:54 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہو رہا ہے، صوبے کے عوام کا تعاون قابل تحسین ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبیؐ کے پرامن اجتماعات نے دنیا کو مثبت پیغام دیا کہ بلوچستان امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے پروگرامز صوبے بھر میں خیر و عافیت اور پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کے تعاون اور عوام کی ذمہ داری کا مظاہرہ لائق تحسین ہے، محکمہ داخلہ، پولیس، لیویز، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شاندار کارکردگی کے مستحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی وقتی بندش اور ریلیوں کو محدود کرنا بروقت اور دانشمندانہ فیصلہ تھا، انٹرنیٹ انسانی جانوں سے زیادہ اہم نہیں، عوامی جان و مال کا تحفظ پہلی ترجیح ہے، موثر اقدامات کی بدولت صوبے بھر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، دو سال قبل ایک جلسے میں دھماکے سے 60 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ماضی کے تلخ تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے حکومت نے امسال سخت اور مؤثر اقدامات کئے، نوجوانوں اور شہریوں کی بھرپور شرکت نے اتحاد اور یکجہتی کو اجاگر کیا۔