کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق نے کہا کہ امتحان میں ایک لاکھ 1 ہزار 193 امیدواروں نے حصہ لیا، 91 ہزار 4 سو امیدوار کامیاب رہے، انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں کامیابی کا تناسب 90 اعشاریہ 3 فیصد رہا۔
محمد اسحاق نے بتایا کہ فرسٹ ایئر میں 46737 امیدوار شریک ہوئے، فرسٹ ایئر میں کامیابی کا تناسب 86 اعشاریہ چار فیصد رہا، سیکنڈ ایئر میں 54456 طلباء شریک ہوئے، سیکنڈ ایئر میں 51037 کامیاب رہے، کامیابی کا تناسب 93 اعشاریہ سات فیصد رہا۔
چیئرمین بلوچستان بورڈ نے بتایا کہ گورنمنٹ انٹر کالج ہرمزئی کے طالب علم سید عبدالمتین نے 1051 نمبر لے کر صوبے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
گورنمنٹ انٹر کالج پیرعلی زئی کے طالب علم سید اسرار احمد نے 1050 نمبر لے کر دوسری اور تعمیر نو گرلز کالج کی طالبہ بی بی صفیہ نے 1049 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔