پنجاب کے پرائیویٹ سکولوں کے تعلیمی کیلنڈر اور رولز بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل

Published On 30 August,2025 03:08 pm

لاہور: (محمد اشفاق ) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے پرائیویٹ سکولوں کی تعطیلات سے متعلق تعلیمی کیلنڈر اور رولز بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے قرار دیا کہ کمیٹی پہلا اجلاس 11ستمبر کو منعقد کرے اور 16 ستمبر کو عملدرآمد رپورٹ پیش کرے، آل پاکستان پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے سکولوں کی تعطیلات میں اضافے کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے کوئی بھی تعلیمی کیلنڈر مہیا نہیں کیا گیا، نجی سکول سلیبس کو سامنے رکھتے ہوئے خود ہی تعلیمی کیلنڈر بناتے ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے تعطیلات میں اضافے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے لہٰذا عدالت نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر رولز بنانے کا حکم دے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گرمی کی چھٹیاں قانون کے مطابق بڑھائی گئی ہیں، موسمی صورتحال اور پی ڈی ایم اے کے الرٹ کے باعث احتیاطی تدابیر اپنائی گئیں۔

جسٹس جواد حسن نے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کو تعلیمی سال کے لیے سپیشل رولز بنانے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سیکرٹری قانون سمیت دیگر پر مشتمل 13 رکنی کمیٹی بنانے کا حکم جاری کردیا۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ کمیٹی تعلیمی سال اور خصوصاً چھٹیوں کی تجویز کے حوالے سے سپیشل رولز بنائے گی، کمیٹی کی پہلی میٹنگ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کے دفتر میں 11 ستمبر کو منعقد ہوگی۔

عدالت نے 16ستمبر کو فریقین سے عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔