لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے 9 ویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے سیکرٹری رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان نے نہم کے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کیا۔
لاہور
کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ کے مطابق نویں جماعت کے امتحان میں 3 لاکھ 8 ہزار 73 طلبہ شریک ہوئے جن میں سے ایک لاکھ 38 ہزار 894 طلبہ کامیاب قرار پائے، لڑکیوں کی کامیابی کی شرح 53.83 فیصد جبکہ لڑکوں کی کامیابی کی شرح 35.33 فیصد رہی، نہم کے امتحانات میں کامیابی کا تناسب 45.08 فیصد رہا۔
سائنس گروپ میں دو لاکھ 35 ہزار 247 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے ایک لاکھ 11 ہزار 681 طلبہ کامیاب قرار پائے۔
کنٹرولر امتحانات کے مطابق سائنس گروپ میں کامیابی کی شرح 47.47 فیصد رہی، جبکہ آرٹس گروپ میں 72 ہزار 826 طلبہ شریک ہوئے، آرٹس گروپ میں 27 ہزار 213 طلبہ پاس ہوئے اور کامیابی کی شرح 37.37 فیصد رہی، لڑکیوں کی کامیابی کی شرح 53.83 فیصد جبکہ لڑکوں کی کامیابی کی شرح 35.33 فیصد رہی۔
ملتان
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، ملتان نے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج جاری کر دیئے ہیں، امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 44 ہزار 775 امیدواروں نے شرکت کی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 75 ہزار 438 طلبا و طالبات کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 52.11 فیصد رہا۔
سرگودھا
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے بھی جماعت نہم کے سالانہ امتحان 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
رواں سال کے امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 12 ہزار 492 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 52 ہزار 166 امیدوار کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 46.37 فیصد رہا۔
ضلع سرگودھا سے 63 ہزار 540 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 31 ہزار 370 کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 49.37 فیصد رہا، جبکہ ضلع خوشاب سے 20 ہزار 147 امیدوار شریک ہوئے، 9 ہزار 33 نے کامیابی حاصل کی، کامیابی کا تناسب 44.84 فیصد رہا۔
ضلع میانوالی کے 23 ہزار 750 امیدواروں میں سے 10 ہزار 96 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 42.51 فیصد رہا جبکہ ضلع بھکر میں 24 ہزار 646 طلبا و طالبات نے امتحان دیا، جن میں سے 9 ہزار 971 کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 40.46 فیصد رہا۔
فیصل آباد
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، امتحانات میں کل دو لاکھ 5 ہزار 182 طلبا و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے ایک لاکھ 57 ہزار 569 امیدوار کامیاب قرار پائے، رواں سال کامیابی کا تناسب51.55 فیصد رہا۔