لندن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ فخر کی بات ہے کہ حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت پاکستان کو نصیب ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودیہ کے ساتھ معاہدے کا کریڈٹ وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈمارشل سید عاصم منیر اور ڈپٹی وزیر اسحاق ڈار کو جاتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، سعودیہ کی سرزمین پر پاکستانی پرچموں کی بہار تھی، یہ ایک تاریخی معاہدہ ہوا ہے ، گزشتہ ڈیڑھ سال سے فارن پالیسی بڑی کامیابی سے چلی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے سعودی عرب کے دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہوا، جو دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے میں کہا گیا تھا کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔