جلال پور پیر والا شہر محفوظ، پانی کی سطح میں کمی، موٹروے میں شگاف نہ ڈالنے کا فیصلہ

Published On 19 September,2025 08:59 am

ملتان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر جلال پور پیر والا شہر کی سیلاب سے حفاظت کے لئے ٹیکنیکل کمیٹی کامسلسل دوسرے روز اجلاس ہوا جس میں موٹروے میں شگاف نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وصوبائی وزرا اورمختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

ٹیکنیکل کمیٹی کو بتایا گیا کہ سیلابی پانی کے بہائو اور شدت میں کمی آرہی ہے، جلال پور پیر والا ابھی محفوظ ہے، جلال پور پیر والا میں جمع سیلابی پانی کی سطح میں بھی کمی آرہی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی سربراہی میں ٹیکنیکل کمیٹی نے جلال پور پیر والا شہر اور موٹر وے سائیٹ کا معائنہ کیا، دمر والا ،کھروڑہ فاضل، مڈوالہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا۔

اجلاس میں چئیرمین این ایچ اے کے علاوہ پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، زراعت کے حکام کے علاوہ کمشنر اور ڈی سی ملتان بھی شریک تھے۔

ٹیکنیکل کمیٹی نے سیلاب متاثرین کو ٹینٹ، صاف پانی، خوراک اور مویشیوں کے لئے ونڈہ کی فراہمی کا جائزہ لیا، ریسکیو وریلیف آپریشن پر اب تک کی پیش رفت پر رپورٹ پیش کی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف تمام صورتحال کی ذاتی طورپر نگرانی کررہی ہیں، شہر اور شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اب تک کی صورتحال بہتر ہے۔