غزہ کے عوام تاریخی المیے کا سامنا کر رہے، جنگ فوری بند کی جائے: اسحاق ڈار

Published On 23 September,2025 10:42 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ کے عوام تاریخی المیے کا سامنا کر رہے ہیں،جنگ فوری بند کی جائے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بے گناہ فلسطینیوں کا قتلِ عام ناقابلِ قبول ہے۔

اسحاق ڈار نے فلسطینیوں سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے، اسحاق ڈار نے سلامتی کونسل میں فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا اور کہا کہ فلسطینیوں کی حالت زار پر عالمی ضمیر کب جاگے گا؟ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ غزہ تک امداد کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، پاکستان، سعودی عرب اور فرانس کی جانب سے فلسطین کے دو ریاستی حل کانفرنس کا خیرمقدم کرتا ہے۔