پاکستان دولتِ مشترکہ کے ’کنیکٹیوٹی ایجنڈا‘ بڑھانے میں سرفہرست رہے گا: اسحاق ڈار

Published On 22 September,2025 10:17 pm

نیویارک:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان دولتِ مشترکہ کے ’کنیکٹیوٹی ایجنڈا‘ کو آگے بڑھانے میں صفِ اول میں رہے گا۔

امریکہ کے دارالحکومت میں نیویارک میں دولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان صنفی مساوات پر یقین رکھتا ہے،پاکستان میں خواتین ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں،ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،اتفاق رائے اور تعاون کے ذریعے تنازعات حل ہوں اور باہمی تفہیم کو فروغ دیا جاسکے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دولت مشترکہ کے نوجوانوں کے ایجنڈے میں قیادت پر فخر کرتا ہے، نوجوان نسل خوشحال اور پرامن مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہے، دولت مشترکہ کو امن قائم رکھنے کیلئے کام جاری رکھنا چاہیے۔

دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے دولتِ مشترکہ کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان نے دولتِ مشترکہ کو مضبوط بنانے کے عزم پر زور دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ اُنہوں نے تنظیم کو نئے عالمی چیلنجز سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو بیک وقت جاری بحرانوں کا سامنا ہے، دولتِ مشترکہ امن قائم رکھنے اور مکالمے کا پلیٹ فارم ہے۔

وزرات خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم نے کہا کہ اتفاقِ رائے اور تعاون تنازعات کے حل کے لیے ناگزیر ہے، ماحولیاتی عمل (کلائمیٹ ایکشن) میں دولتِ مشترکہ کے کردار کی بھرپور حمایت کی گئی، رکن ممالک کی ماحولیاتی لچک بڑھانے کے لیے مسلسل توجہ ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کے بااختیار بنانے میں دولتِ مشترکہ کا منفرد کردار ہے، پاکستان دولتِ مشترکہ کے نوجوان ایجنڈے میں قیادت پر فخر کرتا ہے، نوجوانوں کو خوشحال اور پُرامن مستقبل تشکیل دینے کے قابل بنایا جائے۔

اسی طرح اُنہوں نے اپنی گفتگو میں ڈیجیٹل تبدیلی، تجارت اور کاروبار کو فروغ دینا دولتِ مشترکہ کا اہم ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دولتِ مشترکہ کے ’کنیکٹیوٹی ایجنڈا‘ کو آگے بڑھانے میں صفِ اول میں رہے گا، ڈیجیٹل، فزیکل، ریگولیٹری اور سپلائی چین روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔